ایران پرحملے میں ایک لمحہ کی تاخیربھی نہیں ہوگی،امریکی جنرل

امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ڈین کین نےکہا ہےکہ امریکی فوج ایک لمحے کے نوٹس پر ایران پر دوبارہ حملے شروع کرسکتی ہے۔

واشنگٹن میں  وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ آبنائے ہُرمُز کی ناکہ بندی تمام جہازوں کے لیے ہے، ایران جانے یا ایران سے آنے والے ہر جہاز پر یہ پابندی ایرانی سمندری حدود اور بین الاقوامی پانیوں میں نافذ ہوتی ہے،  اگر کسی جہاز نے سمندر میں ایران کی مدد کی کوشش کی تو اس کا بھی پیچھا کریں گے ۔

جنرل ڈین کین نے کہا کہ ناکہ بندی کے دوران 13 جہازوں کو واپس جانے پر مجبور کیا ہے ، ان میں وہ جہاز بھی شامل ہیں جو ایرانی تیل لے جا رہے تھے ۔

ان سے قبل امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نےکہا کہ اپنے فیصلے ایران کو عقلمندی سے کرنا ہوں گے، اگر ایران نے غلط فیصلہ کیا اور معاہدہ نہ کیا تو امریکی افواج دوبارہ جنگی کارروائیاں کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ میں امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نےکہا کہ ایرانیوں کو معلوم ہونا چاہیےکہ ہماری اور ان کی صلاحیتوں کا کوئی مقابلہ نہیں، امریکا اب بھی پہلے کی طرح مضبوط ہے، ایران کے پاس آبنائے ہرمز کنٹرول کرنے کےلیے اب نیوی نہیں، اگر ایران نے اب معاہدہ نہیں کیا تو امریکا حملے کےلیے تیار ہے۔

Back to top button