پاکستان نے 1200 ارب روپے کے قرض کی سب سے بڑی قبل ازوقت ادائیگی کر دی
مجموعی قبل ازوقت قرض ادائیگیاں تقریباً 6000 ارب روپے تک پہنچ گئیں، آئندہ برسوں میں مالی دباؤ کم ہونے کی توقع

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان نے 1200 ارب روپے کا قرض مقررہ مدت سے پہلے ادا کر دیا ہے، جو اب تک کی سب سے بڑی واحد قبل ازوقت قرض ادائیگی قرار دی جا رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے بتایا کہ پاکستان کی قبل ازوقت قرض ادائیگیوں کا مجموعی حجم تقریباً 6000 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔
ان کے مطابق پاکستان اب تک تقریباً 5,920 ارب روپے کا قرض مقررہ مدت سے پہلے ادا کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نئی ادائیگی کے ساتھ پاکستان نے اگست 2025 میں کی گئی 1,133 ارب روپے کی ریکارڈ قبل ازوقت قرض ادائیگی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
خرم شہزاد نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 میں اب تک مجموعی طور پر 2,900 ارب روپے کا قرض مقررہ مدت سے پہلے ادا کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالی سال 2026-27 میں اب تک مزید 1,200 ارب روپے کا قرض قبل ازوقت ادا کیا جا چکا ہے۔ ان کے مطابق قبل ازوقت ادائیگیوں سے قرض کی مجموعی رقم میں کمی آئے گی اور آئندہ برسوں میں بڑی قرض ادائیگیوں کے دباؤ میں بھی کمی واقع ہوگی۔
مشیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا کہ پاکستان کی قرض مینجمنٹ اب روایتی قرض ادائیگیوں سے آگے بڑھتے ہوئے سرکاری مالی پوزیشن کو مزید مضبوط بنانے کی سمت گامزن ہے۔
