تربیلا ڈیم مکمل بھر گیا، نالہ ڈیک میں پانی کا بہاؤ بڑھنے سے نچلے درجے کا سیلاب
منگلا ڈیم 76 فیصد تک بھر چکا، خیبرپختونخوا کے بڑے دریاؤں میں پانی کی صورتحال معمول کے مطابق برقرار

لاہور (نیوز ڈیسک) تربیلا ڈیم اپنی مکمل گنجائش تک بھر گیا ہے، جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 76 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے تمام بڑے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق جاری ہے، تاہم دریائے راوی سے منسلک نالہ ڈیک میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈیویژن اور محکمہ آبپاشی خیبرپختونخوا کی 30 اگست کی تازہ رپورٹ کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1550 فٹ کی زیادہ سے زیادہ ذخیرہ کرنے کی حد پر برقرار ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تربیلا ڈیم رواں سال 10 اگست کو ہی 100 فیصد بھر گیا تھا۔
دوسری جانب منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1219.30 فٹ ریکارڈ کی گئی، جبکہ ڈیم کی مجموعی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 1242 فٹ ہے۔ اس طرح منگلا ڈیم تقریباً 76 فیصد تک بھر چکا ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈیویژن لاہور کے مطابق دریائے راوی سے منسلک نالہ ڈیک میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ صبح 9 بجے نالہ ڈیک میں پانی کا بہاؤ 5,670 کیوسکس ریکارڈ کیا گیا تھا، جو بعد ازاں بڑھ کر 15,506 کیوسکس تک پہنچ گیا، جس کے نتیجے میں وہاں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ آبپاشی خیبرپختونخوا کی روزانہ جاری ہونے والی فلڈ رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا، اٹک، جناح اور چشمہ کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ اسی طرح دریائے کابل کے وارسک اور نوشہرہ، دریائے سوات اور دیگر معاون دریاؤں، ندی نالوں میں بھی پانی کی صورتحال معمول کے مطابق برقرار ہے۔
- محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بنجی میں درجہ حرارت 42.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ سبی، دالبندین اور نوکنڈی میں بھی درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ملک میں سب سے کم درجہ حرارت قلات میں 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
