بلاول بھٹو زرداری کی یورپ میں شادی کی خبروں پر ترجمان کا اہم بیان

مرتضیٰ وہاب نے چیئرمین پیپلز پارٹی کی منگنی اور شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو غلط اور بے بنیاد قرار دے دیا

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی منگنی اور شادی سے متعلق خبریں سامنے آنے کے بعد ان کے ترجمان کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں گزشتہ روز دعویٰ کیا گیا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اپنے بیٹے بلاول بھٹو زرداری کا رشتہ طے کرنے کے لیے یورپی ملک لیختن شٹائن پہنچے ہیں۔

ان خبروں میں ذرائع کے حوالے سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ صدر آصف علی زرداری اپنے بیٹے بلاول بھٹو زرداری کی شادی کی تاریخ مقرر کرنے کے لیے لیختن شٹائن گئے ہیں اور ان کے ہمراہ خاندان کے دیگر افراد بھی موجود ہیں۔

ذرائع نے مزید دعویٰ کیا تھا کہ لڑکی کا تعلق لیختن شٹائن کے دارالحکومت وادوز سے ہے اور بلاول بھٹو زرداری کی شادی کی تقریب رواں سال کے آخر میں متوقع ہے۔

لیختن شٹائن مغربی یورپ میں سوئٹزرلینڈ اور آسٹریا کے درمیان واقع ایک چھوٹا خود مختار ملک ہے، جس کا دارالحکومت وادوز ہے۔

دوسری جانب میئر کراچی اور چیئرمین پیپلز پارٹی کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بلاول بھٹو زرداری کی منگنی یا شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کردی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی منگنی یا شادی سے متعلق خبریں غلط اور بے بنیاد ہیں۔

Back to top button