وزیراعظم آزاد کشمیر کا 48 گھنٹوں میں راستے اور انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا اعلان

بیرسٹر افتخار گیلانی کا کہنا ہے کہ داخلی و خارجی راستے دو روز میں مکمل طور پر کھول دیے جائیں گے، جبکہ انٹرنیٹ کی بحالی مرحلہ وار ہوگی اور پہلے مرحلے میں تعلیمی اداروں کو ترجیح دی جائے گی

مظفرآباد (نیوز ڈیسک) آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے اعلان کیا ہے کہ خطے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ سروسز کو آئندہ دو روز کے دوران بحال کردیا جائے گا۔

اپنا منصب سنبھالنے کے بعد سینٹرل پریس کلب کے پہلے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے تمام داخلی اور خارجی راستے 48 گھنٹوں کے اندر مکمل طور پر کھول دیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ انٹرنیٹ سروس کی بحالی بھی مرحلہ وار کی جائے گی، جس کے پہلے مرحلے میں تعلیمی اداروں کو ترجیح دی جائے گی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت کی بنیادی ترجیحات میں بہتر طرز حکمرانی اور تحریک آزادی کشمیر شامل ہیں۔ عوامی مسائل کے فوری حل، انتظامی معاملات میں بہتری اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تیزی سے اقدامات کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ بیرسٹر افتخار گیلانی مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حیثیت سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں 30 ووٹ حاصل کرکے خطے کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔

Back to top button