پاکستان اور ازبکستان کا اقتصادی تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے مواقع بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا

تاشقند (نیوز ڈیسک) پاکستان اور ازبکستان نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافے سمیت باہمی اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

ازبکستان میں تعینات پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو نے ازبک نائب وزیراعظم جمشید خودجایف سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستانی سفیر نے ازبکستان کے 35ویں یوم آزادی کے موقع پر نائب وزیراعظم کو مبارکباد دی اور آزادی کے بعد مختلف شعبوں میں ازبکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔

اس موقع پر ازبک نائب وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے سرکاری اداروں، کاروباری برادری اور چیمبرز کو متحرک کرکے اقتصادی تعاون کی وسیع صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو نے اس موقع پر یقین دلایا کہ پاکستان مشترکہ اقتصادی اہداف کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔

دونوں ممالک نے اقتصادی روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے تیار کیے گئے جامع روڈ میپ کے تحت باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

Back to top button