پام نائٹ: بریدہ ڈیٹس کارنیول میں ثقافت، سیاحت اور تجارت کا خوبصورت امتزاج

ورثے سے متعلق پروگرام، سیاحتی سرگرمیاں اور بڑھتی ہوئی برآمدات بریدہ انٹرنیشنل ڈیٹس کارنیول کی اہم خصوصیات بن گئیں

بریدہ (نیوز ڈیسک) بریدہ انٹرنیشنل ڈیٹس کارنیول کھجور کے درخت کی ثقافتی اہمیت کے ساتھ ساتھ اس شعبے کی بڑھتی ہوئی اقتصادی اہمیت کو بھی اجاگر کر رہا ہے۔ رواں سال کارنیول کے پروگراموں میں ورثے سے متعلق ایونٹس، سیاحتی اقدامات اور بڑھتی ہوئی برآمدات شامل ہیں۔

ثقافتی سرگرمیوں کے ایک حصے کے طور پر کارنیول میں ایک ورثہ ایونٹ ’’پام نائٹ‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں قصیم کے سماجی اور ثقافتی ورثے کے ساتھ کھجور کے درخت کے گہرے تعلق کو اجاگر کیا گیا۔

اس ایونٹ کے ذریعے وزیٹرز کو کھجور اور کھجور کے شعبے سے متعارف کرانے کے ساتھ قومی ورثے کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے گئے۔

متنوع پروگرام کے تحت روایتی پرفارمنس اور سعودی پرفارمنگ آرٹس بھی پیش کیے گئے، جنہیں معاشرے کے مختلف طبقات کو متوجہ کرنے کے مقصد سے ترتیب دیا گیا تھا۔

کارنیول کی انتظامی کمیٹی کے مطابق یہ ایونٹ اس کے ثقافتی پروگرام کا حصہ ہے، جو کھجور کے شعبے سے وابستہ اقتصادی اور مارکیٹنگ سرگرمیوں کی معاونت کے ساتھ ساتھ کارنیول کے سیاحتی اور ثقافتی پہلوؤں کو بھی مزید مضبوط بناتا ہے۔

پروگرام میں قومی ورثے کو شامل کرنے کا مقصد وزیٹرز کو ایک جامع تجربہ فراہم کرنا ہے، جس میں کھجور کی صنعت سے متعلق معلومات کے ساتھ سعودی روایات اور ثقافت کی جھلک بھی پیش کی جا رہی ہے۔

بریدہ انٹرنیشنل ڈیٹس کارنیول 75 دنوں پر مشتمل معاشی، ثقافتی اور سیاحتی سرگرمیوں کے امتزاج کے ساتھ مختلف پروگراموں اور تقریبات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

ان اقدامات کا مقصد کھجور اور اس سے وابستہ شعبے کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا، قومی ورثے کو فروغ دینا اور وزیٹرز کے تجربے کو مزید بہتر بنانا ہے۔

علاوہ ازیں بریدہ ڈیٹس کارنیول نے وزیٹرز کے لیے ایک بس سروس بھی متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے انہیں شہر کی سیر کرائی جاتی ہے۔

Back to top button