ایرانی سپریم لیڈر کی خلیجی ممالک سے امریکا اور اسرائیل کے خلاف اتحاد کی اپیل
مجتبیٰ خامنہ ای نے مسلم ممالک پر اختلافات سے گریز اور اتحاد و یکجہتی کو مضبوط بنانے پر زور دیا

تہران (نیوز ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے مشرقِ وسطیٰ میں جنگ شروع ہونے کے چھ ماہ مکمل ہونے کے موقع پر جاری کیے گئے ایک تحریری پیغام میں خطے کے مسلم ممالک سے امریکا اور اسرائیل کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔
آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسلامی اقوام کو درپیش مسائل کا حل اتحادِ کلمہ، دوستی اور بھلائی کی راہ میں باہمی تعاون میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن دنیا بھر کے مسلمانوں کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اس لیے مسلمانوں کو ایسے ہر اقدام سے گریز کرنا چاہیے جو اختلاف اور تقسیم کا باعث بنے۔
امریکا اور اسرائیل کا حوالہ دیتے ہوئے ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ مختلف نسلی، ثقافتی، سماجی، اقتصادی، سیاسی اور جغرافیائی اختلافات کو ایران اور دیگر اسلامی ممالک کے مسلمانوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے خلیجی ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنے حقیقی دشمن کی شناخت کریں، ان کے منصوبوں کو سمجھیں اور ان کا مقابلہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل دوستی اور اتحاد کے دشمن ہیں اور یہ صرف ایران کے نہیں بلکہ پوری اسلامی دنیا کے دشمن ہیں۔
اس سے قبل ایرانی سپریم لیڈر نے حکومت کو معاشی مشکلات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے بیانات دینے سے گریز کیا جائے جن سے عوام میں مایوسی پھیلے۔
انہوں نے مشکل جنگی حالات میں ملک کے معاملات بہتر انداز میں چلانے پر ایرانی صدر اور حکومت کے دیگر ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی ملازمین اور منتظمین نے مشکل صورتحال میں اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر کا حکومت اور ان کے لیے پیغام مسلسل حمایت کا اظہار ہے۔ انہوں نے ایرانی قوم اور قیادت کو یقین دہانی کرائی کہ مکمل اتحاد کے ساتھ ملک کی حفاظت کی جائے گی اور موجودہ حالات میں قومی یکجہتی برقرار رکھی جائے گی۔
