امریکی سینیٹر الزبتھ وارن نے ٹرمپ کو امریکی تاریخ کا کرپٹ ترین صدر قرار دے دیا
کہا، پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے لیے ایران کے خلاف جنگ کا خاتمہ ضروری ہے

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی ڈیموکریٹ سینیٹر الزبتھ وارن نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی تاریخ کا ’’سب سے کرپٹ صدر‘‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ سے ٹرمپ کے قریب سمجھی جانے والی بڑی تیل کمپنیوں کو غیر معمولی منافع حاصل ہو رہا ہے۔
الزبتھ وارن نے میساچوسٹس میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کی ایران کے خلاف جنگی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹرمپ کے قریبی سمجھے جانے والے بعض تیل کاروباری افراد نے ان کی انتخابی مہم کے لیے بڑی رقوم عطیہ کیں اور اب ایران جنگ کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں اور مارکیٹ میں پیدا ہونے والی صورتحال سے تیل کمپنیوں کو فائدہ ہو رہا ہے۔
امریکی سینیٹر نے کہا کہ ایسے حالات میں عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس صورتحال کی نشاندہی کریں اور اس کے خلاف آواز اٹھائیں۔
الزبتھ وارن نے امریکی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر پٹرول کی قیمت کم کرنی ہے تو ایران کے خلاف جنگ ختم کرنا ہوگی۔ ان کے مطابق جنگ کا خاتمہ توانائی کی قیمتوں میں کمی کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔
وارن کی جانب سے یہ تنقید ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران جنگ کے باعث عالمی توانائی کی منڈی میں تیل کی قیمتیں اور سپلائی سے متعلق خدشات اہم موضوع بنے ہوئے ہیں۔
ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی اور اس کے نتیجے میں عالمی سطح پر تیل کی ترسیل پر پڑنے والے ممکنہ اثرات امریکا میں بھی سیاسی بحث کا حصہ بن گئے ہیں، جبکہ ڈیموکریٹ سینیٹر کی تازہ تنقید سے ٹرمپ انتظامیہ کی ایران پالیسی پر داخلی سیاسی اختلافات مزید نمایاں ہو گئے ہیں۔
