نیپال میں سیلابی ملبے تلے 3 روز تک دبی 6 سالہ بچی زندہ بچا لی گئی
ضلع راسوا میں امدادی کارکنوں نے بچی کو ملبے سے نکال لیا، خصوصی علاج کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کھٹمنڈو منتقل

راسوا (نیوز ڈیسک) نیپال کے سیلاب سے متاثرہ ضلع راسوا میں امدادی کارکنوں نے 6 سالہ بچی کو تین روز تک سیلابی ملبے تلے دبے رہنے کے بعد زندہ نکال لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امدادی کارکنوں نے بچی کو راسوا کے ایک علاقے میں ملبے تلے سے نکالا، جس کے بعد اسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
موسم کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد ہفتے کی سہ پہر بچی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے مزید علاج کے لیے کھٹمنڈو منتقل کر دیا گیا۔
بچی اس وقت کھٹمنڈو کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہے، جہاں اسے خصوصی طبی نگہداشت فراہم کی جا رہی ہے۔
نیپال میں حالیہ تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد امدادی اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا عمل بھی جاری ہے۔
