پاکستان کا سعودی عرب کے لیے برآمدات 3 ارب ڈالر تک پہنچانے کا عزم

پاکستان اور سعودی عرب آئندہ دو سال کے دوران تجارتی تعاون بڑھانے، چاول، سرخ گوشت، پھلوں، لائیواسٹاک اور ایگری فوڈ کے شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کریں گے

اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کے لیے اپنی برآمدات کو 3 ارب ڈالر تک پہنچانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب آئندہ دو سال کے دوران برآمدات کے مقررہ ہدف کے حصول کے لیے مشترکہ کوششیں کریں گے، جبکہ مختلف شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان نے سال 2025 کے دوران سعودی عرب کی درآمدی منڈی کو تقریباً ایک لاکھ 69 ہزار ٹن چاول فراہم کیے، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 163 ملین ڈالر رہی۔

سعودی وفد نے آئندہ برسوں کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان چاول کی دوطرفہ تجارت میں مزید اضافے میں دلچسپی ظاہر کی۔ اس کے علاوہ سعودی عرب نے پاکستان سے سرخ گوشت کی درآمد کو بتدریج دوگنا کرنے کے امکانات پر بھی مثبت ردعمل دیا۔

دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں پھلوں اور ان کے کنسنٹریٹس کی تجارت بڑھانے کے وسیع امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکام کے مطابق سعودی عرب کی مارکیٹ میں پاکستانی پھلوں اور دیگر زرعی مصنوعات کے برآمدی حصے میں اضافے کی گنجائش موجود ہے۔

اعلامیے کے مطابق سعودی وفد نے سبز چارے کے شعبے کو طویل المدتی سپلائی پارٹنرشپ کے لیے ایک اہم اور امید افزا شعبہ قرار دیا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان زرعی تجارت کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

فریقین نے پنجاب کے علاقے بھکر میں آبپاشی پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کا بھی خیرمقدم کیا۔ سعودی وفد نے پاکستان کو انٹرنیشنل ڈیٹس کونسل میں شمولیت کی ترغیب بھی دی۔

پاکستان اور سعودی عرب نے لائیواسٹاک، ایگری فوڈ پراسیسنگ اور چاول کی ویلیو چین سے متعلق پاکستان کے نجی شعبے کی مختلف تجاویز کا جائزہ لیا۔ دونوں ممالک نے اپنی وسیع تر اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق 43ویں سعودی ایگریکلچر نمائش 19 سے 22 اکتوبر تک سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوگی، جس میں پاکستان کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ پاکستان نے اس اہم تجارتی ایونٹ میں شرکت کی دعوت کا خیرمقدم کیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں دونوں جانب سے دورے اور مذاکرات کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ پاکستان اور سعودی عرب نے باہمی مفاہمتوں اور تجارتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مستقبل میں بھی قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

Back to top button