مگرمچھوں نے اپنے ہی مالک کو مار ڈالا

ایک افسوسناک واقعے میں مگر مچھوں کے تالاب کے نگراں کو خود مگر مچھوں نے حملہ کرکے مار ڈالا ہے۔
کمبوڈیا میں سایم ریئپ کے علاقے میں ایک دیہی قصبے میں 72 سالہ لاؤن نیم نے مگرمچھوں کے حصار میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ وہ باڑھ عبور کرکے ایک مگرمچھ کے پاس گیا جس نے انڈے دیے تھے۔ شاید وہ اسے ہٹاکر انڈے جمع کرنا چاہتا تھا
عین اسی موقع پر مگرمچھ نے اس پر حملہ کر دیا اور باقی مگر مچھوں نے بھی اسے کاٹنا شروع کر دیا۔ یہ سب کچھ اتنا اچانک تھا کہ سائم کو سمجھنے کا موقع ہی نہیں ملا۔
بعض عینی شاہدین نے بتایا کہ اس نے مگرمچھ کو ہٹانے لیے اسے لکڑی سے مارا تھا تاکہ وہ رینگ کر دوسری جانب چلا جائے لیکن اسی دوران مگرمچھ اشتعال میں آگیا۔ مگرمچھوں کے حملے میں سائم کا جسم شدید مجروح ہوا اور کئی ٹکڑوں میں بٹ گیا تھا۔
اطراف کا پانی بھی اس کے خون سے بھر گیا تاہم بعد میں عملے نے اس کی باقیات کو جمع کیا۔ اس کے بازو اور ٹانگیں الگ ہوچکی تھیں اور بقیہ دھڑ پر جابجا زخموں کے نشانات تھے۔