عاطف اسلم سپاٹی فائی پر نمبر ون پاکستانی گلوکار بن گئے

مقبول ترین آن لائن میوزک پلیٹ فارم سپاٹی فائی کی پاکستان میں سروسز کے آغاز کے دو برس مکمل ہونے پر صارفین کی بڑی تعداد نے عاطف اسلم کو پہلی پوزیشن پر رکھا، جن کے گانوں کو سب سے زیادہ سنا گیا۔
سپاٹیفائی کی جانب سے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق گزشتہ دو برس کے دوران پاکستان کی میوزک ایکسپورٹس میں 217 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔پاکستان سے باہر مقبول پاکستانی گلوکاروں کی فہرست میں عاطف اسلم سب سے آگے رہے ہیں جبکہ راحت فتح علی خان، نصرت فتح علی خان، شفقت امانت علی اور علی سیٹھی وہ پانچ گلوکار رہے جنہیں سب سے زیادہ سٹریم کیا گیا۔
سپاٹیفائی کی جانب سے فریش فائنڈز کے سلسلے کے تحت پاکستان کے متعدد نوجوان گلوکاروں نے ملکی و عالمی سطح پر شائقین میوزک کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی، میوزک ایپ کے مطابق فریش فائنڈز پاکستان پر عبدالحنان پہلے گلوکار ہیں جن کے دو گیت ’’بکھرا‘‘ اور ’’ارادے‘‘ سپاٹیفائی کے ٹاپ سانگز پاکستان چارٹ پر نمایاں رہے۔
گیت ’’بکھرا‘‘ پلے لسٹ پر حالیہ عرصے کے دوران پہلے نمبر پر پہنچا جبکہ ’’ارادے‘‘سپاٹیفائی پاکستان چارٹس پر مسلسل ٹاپ تھری میں رہا، ان گیتوں میں عبدالحنان کے ہمراہ روالیو مستقل ساتھی فنکار رہے، اس لسٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی جس میں پہلے نمبر پر حسان اور روشان رہے، روزیو اور عز چغتائی ٹاپ فائیو گلوکاروں میں شامل ہیں۔
مارچ 2022 میں سپاٹیفائی نے پاکستان کی خواتین موسیقاروں کے لیے ’ایکول پاکستان‘ کا خصوصی پلیٹ فارم متعارف کرایا جس کے تحت ہر ماہ مقامی گلوکارہ کو اس مہینے کی ایمبیسڈر کے اعزاز سے نوازا جاتا اور نیویارک کے ٹائمز سکوائر کے ڈیجیٹل بل بورڈ پر ڈسپلے کیا جاتا ہے۔
پاکستان کی پہلی گریمی ایوارڈ یافتہ عروج آفتاب، شائے گل اور پسوڑی کے ساتھ سپاٹیفائی بعض خواتین گلوکاروں کے میوزک کیرئیر کے لیے بڑی تبدیلی کا باعث بنا۔
میوزک سٹریمنگ پلیٹ فارم کے اعداد و شمار کے مطابق شائے گل تیزی سے مقبولیت حاصل کرنے والی نئی گلوکاراؤں میں سے ایک ہیں۔ ’پسوڑی‘ مقامی سطح پر سب سے زیادہ سٹریمنگ والا گیت رہا جس کے بعد ’بکھرا‘ اور ’ارادے‘ دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔
