عون چوہدری نے تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لے لیا
استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی ) کے رہنما عون چوہدری نے تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئےواضح پیغام دیاکہ سیاسی ومعاشی استحکام آتےہی ملک دشمن عناصرجلاؤ گھیراؤ کی فضا پیداکردیتے ہیں، ملک میں آگ لگاکرسیاسی تحریکیں نہیں چلائی جاتیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عون چوہدری نےمزید کہا کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہےاورپائیدار ترقی کےلیے معاشی پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے لیکن جب سیاسی ومعاشی استحکام آتا ہے ملک دشمن عناصر جلاؤ گھیراؤ کی فضاپیدا کردیتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کچھ عناصر اسلام آباد میں بار باریلغارکی کوشش کرتے ہیں، اسلام آباد میں احتجاج کااعلان کرنےوالے ہوش کے ناخن لیں، کیا 9 مئی کےجلاؤگھیراؤمیں ملوث افراد محب وطن ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک ترقی کی جانب گامزن ہے،ملک میں ایسی مستحکم حکومت ہے جو دن رات یہ کوشش کررہی ہےکہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام آئے، مگرکچھ ایسےعناصر ہیں جو ہر کچھ عرصےبعد اسلام آباد پر یلغارکرنےکا اعلان کردیتے ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیامدینہ کی ریاست میں ہماری اخلاقیات پر کوئی بات نہیں ہوسکتی؟ کیا مدینہ کی ریاست کی بات کرنے والوں نے بدتہذیبی اور بدتمیزی کوفروغ نہیں دیا؟ آج نفرت کی ایسی فضا پیدا کی جارہی ہے جو کسی قوم کےلیے سب سے خطرناک ہوتی ہے، کیا مدینہ کی ریاست یہ تھی،ہمارے لیڈر تو نبی کریم ﷺ ہیں، جنہوں نےفرمایا کہ بہترین انسان وہ ہے جس کا اخلاق سب سے اچھا ہے۔
پی ٹی آئی کا دارالحکومت کےچاروں اطراف سے دھاوا بولنےکافیصلہ
انہوں نے کہاکہ کیا اخلاقیات کےفرائض پورے کیے جارہے ہیں؟ میڈیا پر ہر کسی کی بے عزتی کی جاتی ہے، عوام کے آگے جھوٹے حقائق پیش کرتے ہیں،کیا ہمیں اللہ کو جواب نہیں دینا، کیا ہمیں اپنی موت یاد نہیں آتی ؟ ہمیں سب سے پہلے اپنے ملک کا سوچنا ہے پھر اپنی ذات کا سوچنا ہے،ملک ہے تو ہم بحیثیت پاکستانی آزاد ریاست میں سانس لےرہے ہیں، ہمیں اپنی آزاد ریاست کی اہمیت کوجاننا ہے، آزادریاست اللہ بہت بڑی نعمت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایک جماعت اعلان کرتی ہےکہ ہم فلاں تاریخ کو اسلام آباد پر حملہ کردیں گے اور حقیقی آزادی لیں گے، کیا آپ کی حقیقی آزادی ایک شخص پر منحصر ہے؟ کیا بچوں کو سڑکوں پر لانے سے حقیقی آزادی ملےگی؟انہوں نے خیبرپختونخوا کی عوام کو مخاطب کرتے ہوئےکہا کہ آپ لوگ ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں استعمال مت ہوں۔
عون چوہدری نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کا نام لیےبغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ پردے کے پیچھےبیٹھ کر آپ پر حکم فرما رہے ہیں کہ جو رکن اسمبلی اتنے لوگ لےکر حملہ آور نہیں ہوگا، وہ اس جماعت میں نہیں رہے گا، آپ اپنے ہی ملک میں انارکی پھیلانے کے لیے ایک دوسرے پرحکم چلا رہے ہیں، آپ سب سے پہلے اپنے بچوں کو آگے لےکر آئیں پھر خیبرپختونخوا کے غیور عوام کے بچوں کو آگےلائیں۔