وزیراعظم آزاد کشمیر کو چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا حکم

آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر وزیراعظم آزاد کشمیر کو حکم دیا ہے کہ وہ آئینی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کونسل کو ناموں پر مشتمل پینل فوری طور پر بھجوائیں۔
یہ فیصلہ عدالت نے شہری چوہدری اعجاز حسین کھٹانہ کی درخواست پر سنایا، جس میں تاخیر سے متعلق آئینی خلاف ورزی کی نشاندہی کی گئی تھی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے انعقاد میں اب 10 ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے، لیکن تاحال چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دیگر ارکان کی تقرری نہیں ہو سکی، جو کہ آئینی عمل میں رکاوٹ کے مترادف ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ کوئی بھی آئینی ادارہ غیر فعال یا نامکمل حالت میں نہیں چھوڑا جا سکتا، اور حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ آئینی ڈھانچے کو بروقت مکمل کرے۔
