آزاد کشمیر: ایکشن کمیٹی اور وفاقی وزراء کے مذاکرات بے نتیجہ ختم

آزاد جموں و کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور وفاقی وزراء کے درمیان مذاکرات کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے۔
وفاقی حکومت کے نمائندے طارق فضل چوہدری اور امیر مقام نے آزاد کشمیر حکومت اور ایکشن کمیٹی کے درمیان مصالحت کی کوشش کے لیے مظفرآباد کا دورہ کیا، تاہم بات چیت ناکامی سے دوچار ہوئی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکشن کمیٹی کے سخت مؤقف اور لچک نہ دکھانے کی وجہ سے مذاکرات میں پیش رفت نہ ہو سکی، جبکہ مذاکرات کے دوران کمیٹی کی جانب سے مطالبات میں بار بار تبدیلی کی جاتی رہی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ہر بار معاہدے کے قریب پہنچنے پر کمیٹی نئی شرائط سامنے لے آتی تھی، جن میں بجلی پر تاجروں کے لیے مزید سبسڈی اور اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی پنشن ختم کرنے جیسے مطالبات شامل تھے۔ بالآخر، ایکشن کمیٹی نے مذاکرات کا عمل منقطع کر دیا۔
ادھر، مذاکرات کی ناکامی کے بعد جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنما نے اعلان کیا ہے کہ 29 ستمبر کو دی گئی لاک ڈاؤن کی کال برقرار رہے گی۔
