ون ڈے اور ٹی20ریکنکنگ میں بابراعظم اور محمد رضوان کی تنزلی

آئی سی سی نے ٹی20 اور ون ڈے فارمیٹ کے کھلاڑیوں کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی ہے۔

ٹی20 بیٹرز رینکنگ میں بھارت کے ابھیشیک شرما بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ آسٹریلیا کے ٹم ڈیوڈ شاندار کارکردگی کے باعث 6 درجے ترقی پاکر ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے اور اب 10 ویں پوزیشن پر ہیں۔ پاکستان کا کوئی کھلاڑی ٹی20 بیٹرز کے ٹاپ 10 میں موجود نہیں، جبکہ کپتان بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد 18 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

ٹی20 بولرز میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی پہلی پوزیشن پر بدستور قابض ہیں۔ اس فہرست میں بھی پاکستان کا کوئی بولر ٹاپ 10 میں شامل نہیں۔ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ 3 درجے ترقی کے بعد 20 ویں اور پاکستان کے حارث رؤف 2 درجے بہتری کے ساتھ 24 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آل راؤنڈرز میں بھارت کے ہاردیک پانڈیا اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

ون ڈے بیٹرز میں بھارت کے شبمن گل بدستور پہلے نمبر پر ہیں، روہت شرما ایک درجہ ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے، جبکہ سابق کپتان بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلے گئے۔ محمد رضوان بھی ایک درجہ گر کر 23 ویں پوزیشن پر اور صائم ایوب 9 درجے تنزلی کے بعد 46 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

ون ڈے بولرز میں سری لنکا کے مہیش تھیکشانا پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے گوڈاکیش موتی 5 درجے ترقی کے بعد 12 ویں اور پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ تنزلی سے 13 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز 24 درجے چھلانگ لگا کر 33 ویں اور پاکستان کے ابرار احمد 3 درجے ترقی کے بعد 54 ویں پوزیشن پر ہیں۔

ون ڈے آل راؤنڈرز میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی بدستور سرفہرست ہیں۔

Back to top button