کلگام میں بھارتی فوج کا 12 روزہ آپریشن ناکام، 9 اہلکار ہلاک

مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں بھارتی فوج کا 12 روز تک جاری رہنے والا آپریشن ناکامی پر ختم ہوگیا، اور فورسز خالی ہاتھ واپس لوٹنے پر مجبور ہو گئیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس دوران محصور بھارتی فوجی کھانے پینے کی اشیاء سے محروم ہوکر بھوک اور پیاس کے عالم میں مٹی کھانے پر مجبور ہوگئے۔
یہ کارروائی حالیہ برسوں میں بھارتی فوج اور کشمیری مزاحمت کاروں کے درمیان سب سے طویل جھڑپ ثابت ہوئی، جس میں 9 فوجی ہلاک اور کرنل سمیت 14 شدید زخمی ہوئے، جبکہ ہیلی کاپٹر اور ڈرونز کا استعمال بھی بے سود رہا۔
رپورٹ کے مطابق آپریشن ختم ہونے سے قبل ایک بھارتی فوجی نے اپنے آخری پیغام میں بتایا، ’’پانچ دن سے کچھ کھانے کو نہیں، فوجی مٹی کھا کر زندہ ہیں۔‘‘
کشمیر نیوز آبزرور کے مطابق مزاحمت کار بھارتی محاصرہ توڑ کر قریبی جنگل میں محفوظ مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔
ادھر حریت کانفرنس نے کلگام آپریشن کو بھارتی فوج کی حالیہ سب سے بڑی شرمناک ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت سیاسی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے ایسے بے مقصد فوجی آپریشن کرواتی ہے۔
