آذربائیجان نے پاکستان کو ایل این جی فراہم کرنے کی پیشکش کردی

مشرق وسطیٰ کے بحران کے باعث آذربائیجان نے پاکستان کو مائع قدرتی گیس فراہم کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔
رائٹرز کے مطابق آذربائیجان کی سرکاری توانائی کمپنی نے کہا ہے کہ وہ اسلام آباد کی جانب سے درخواست موصول ہوتے ہی پاکستان کو ایل این جی فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
کمپنی کے مطابق 2025 میں سوكار ٹریڈنگ اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کے درمیان ایک فریم ورک معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت پاکستان فوری اور آسان طریقہ کار کے ذریعے ایل این جی کارگو خرید سکتا ہے۔
کمپنی کے ذمہ دار نے رائٹرز کو بتایا کہ جیسے ہی پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کی جانب سے باضابطہ درخواست موصول ہوگی، کمپنی گیس کی فراہمی کے لیے تیار ہوگی۔
تاہم کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا ایسی کوئی درخواست پہلے سے دی جا چکی ہے یا پہلی سپلائی کب ممکن ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات کے لیے بڑی حد تک گیس پر انحصار کرتا ہے۔
مقامی پیداوار میں کمی اور عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے باعث اسے توانائی کے بحران کا سامنا رہتا ہے، جس میں علاقائی کشیدگی نے بھی اثر ڈالا ہے۔
