ایران کے جواب نہ دینے پر امریکی نائب صدر کا دورہ پاکستان مؤخر

ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا دورہ پاکستان مؤخر ہوگیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے جواب نہ دینے پر امریکی نائب صدر کا دورہ پاکستان مؤخرہوا۔

معاملے سے باخبر امریکی حکام نے امریکی میڈیا کو بتایا ہے کہ جے ڈی وینس کا دورہ کسی بھی وقت دوبارہ طے ہو سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایران میں دو ہفتے کی جنگ بندی بدھ کو ختم ہونے والی ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ ایران یا امریکا اگلا قدم کیا اٹھائیں گے۔

امریکی میڈیاکے مطابق مذاکرات کسی بھی وقت دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ اشارہ دے چکے ہیں کہ وہ طویل المدتی معاہدے کے بغیر جنگ بندی میں توسیع نہیں چاہتے۔

دوسری جانب ایران کا کہنا ہے کہ امریکا سے مذاکرات میں شرکت کیلئے وفد اسلام آباد بھیجنے پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے ایرانی نیوز چینل سے گفتگو میں کہا کہ تاحال اسلام‌آباد میں مذاکرات میں شرکت کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ جب بھی مذاکرات نتیجہ خیز ہوں گے، ایران اس میں شرکت کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے ایرانی جہازوں پر امریکا کی جارحیت کے بارے میں کہا کہ ایرانی بحری جہازوں اور کھلے سمندروں میں تجارت کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی، سمندری قزاقی اور ریاستی دہشت گردی کے مترادف ہے۔

انہوں نے ایران کے امریکا پر عدم اعتماد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے ایرانی جہازوں پر حملے سمندری قزاقی اور ریاستی دہشت گردی ہیں۔ امریکا کے یہ اقدامات، جب ہم سب نکات کو ایک ساتھ رکھتے ہیں، تو امریکا کی نیت پر سوالیہ نشان کھڑا کرتے ہیں۔

Back to top button