امریکی افواج ایران پرحملے کیلئے تیار،حکم کی منتظرہیں،ڈونلڈٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی افواج کی گن لوڈڈ،ایران پرحملے کیلئے تیار بس حکم کی منتظرہیں۔امید ہے ایران کے ساتھ جنگ کا خاتمہ ایک عظیم ڈیل پر ہوگا۔
امریکی ٹی وی چینل سی این بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ مجھے یقین ہے ایران کے پاس معاہدہ کرنے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔ میرے خیال میں ہم ایک بہترین معاہدے پر پہنچ جائیں گے۔ امریکا نے ایران کی قیادت اور ان کی فوجی صلاحیت کو ختم کردیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایرانی قیادت کو نشانہ بنانے سے صورتحال ایک طرح سے پیچیدہ ضرور ہوئی لیکن ایران کی نئی قیادت زیادہ معقول ہو سکتی ہے۔ انھوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ یہ عمل دراصل “ریجیم چینج” کے مترادف ہے چاہے اسے کسی بھی نام سے پکارا جائے حالانکہ رجیم چینج صدر ٹرمپ کے ابتدائی وعدوں میں شامل نہیں تھا۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ بندی میں توسیع کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بدھ کو ختم ہونے والی سیز فائر میں توسیع نہیں کرنا چاہتے۔
امریکہ کے صدر نے دھمکی دی کہ اگر ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا تو امریکی فوج دوبارہ جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بہت زیادہ اسلحہ اور وسائل موجود ہیں۔ ہم نے اس وقفے (2 ہفتوں کی جنگ بندی) کو اپنی تیاری بڑھانے کے لیے استعمال کیا اور ممکن ہے ایران نے بھی کچھ حد تک ایسا کیا ہو۔

Back to top button