ایرانی جزیرے پر امریکی حملہ، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ

امریکا کی جانب سے ایرانی جزیرے پر حملے اور تہران کی جانب سے جوابی کارروائی کےبعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں ایک ڈالر فی بیرل سے زیادہ بڑھ گئیں۔
مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع چھٹے ماہ میں داخل ہونے کے ساتھ برینٹ خام تیل کی قیمت 1.08 ڈالر یا 1.23 فیصد اضافے کےبعد 89.18 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 92 سینٹ یا 1.10 فیصد اضافے کے بعد 84.32 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
عالمی مارکیٹ میں اماراتی خام تیل مربان کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھاگیا۔ مربان خام تیل کی قیمت 3.72 ڈالر فی بیرل بڑھ گئی،جس کے بعد اس کی قیمت96 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی ہے۔
تجزیہ کاروں کاکہنا ہےکہ صورت حال ایک بار پھر کشیدگی میں اضافے کے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔یہ صورت حال کتنی دیر برقرار رہےگی،اس بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے،یہ چند دن بھی ہوسکتے ہیں اور کئی ہفتے بھی۔
یاد رہے کہ امریکا نے ایران کے جزیرے لارک پر فضائی حملہ کیا جس میں پاسداران انقلاب کے 2 راکٹ لانچرز تباہ کرنے کا دعویٰ کیاگیا۔ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ جزیرہ لارک پر امریکی حملے میں متعدد ایرانی اہلکار اور شہری شہید و زخمی ہوئے۔
امریکا کا ایران کے لارک جزیرے پر فضائی حملہ، راکٹ لانچرز تباہ کردیے
بعد ازاں ایران نے لارک جزیرے پر حملے کے جواب میں اردن میں تعینات امریکی فورسز پر حملہ کر دیا۔
