امریکاسےمذاکرات کیلئےوفد بھیجنےکافیصلہ نہیں کیا،ایران

ایران کا کہنا ہے کہ امریکا سے مذاکرات میں شرکت کیلئے وفد اسلام آباد بھیجنے پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے ایرانی نیوز چینل سے گفتگو میں کہا کہ جب بھی مذاکرات نتیجہ خیز ہوں گے، ایران اس میں شرکت کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے ایرانی جہازوں پر امریکا کی جارحیت کے بارے میں کہا کہ ایرانی بحری جہازوں اور کھلے سمندروں میں تجارت کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی، سمندری قزاقی اور ریاستی دہشت گردی کے مترادف ہے۔
انہوں نے ایران کے امریکا پر عدم اعتماد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے ایرانی جہازوں پر حملے سمندری قزاقی اور ریاستی دہشت گردی ہیں۔ امریکا کے یہ اقدامات، جب ہم سب نکات کو ایک ساتھ رکھتے ہیں، تو امریکا کی نیت پر سوالیہ نشان کھڑا کرتے ہیں۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ ہم شروع سے ہی امریکا پر بے اعتماد رہے ہیں۔ ملک کے دفاع کے 40 دنوں کے دوران، جارح فریق اپنے کسی بھی مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ اگرچہ انہوں نے بے شمار جرائم کیے اور اس جنگ میں ہمیں بہت نقصان پہنچایا، ہمارے رہبر اور کمانڈرز کو شہید کیا، مگر عوام اور مسلح افواج کی جرات مندانہ مزاحمت کے باعث وہ اپنے اہداف حاصل نہ کر سکے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے ایرانی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مذاکرات میں ایران کی شرکت، ایران کے ذمہ دارانہ مؤقف کی عکاس ہے، تاہم سفارتی عمل کو نتیجہ خیز ہونا چاہیے۔ جب بھی ایران اس نتیجے پر پہنچے گا، ضروری فیصلہ کرے گا۔
