بابر اعظم اور شاہین آفریدی کے ستارے گردش میں کیوں آ گئے؟
بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں شکست کے بعد قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے دوسرے ٹیسٹ کے لیے ڈراپ کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
کھیلوں کی ویب سائٹ کرکٹ انفو کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے حال ہی تشکیل کردہ نئی سلیکشن کمیٹی انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل اہم ملاقات ہوئی جس میں دوسرے ٹیسٹ کے لیے آؤٹ آف فارم کھلاڑیوں کو آرام دینے کا مشورہ دیا گیا۔ دوسرے ٹیسٹ کیلئے بابر اعظم اور شاہین آفریدی کو ڈراپ کرنے کے اطلاعات ہیں۔
تاہم عاقب جاوید، اسد شفیق، اظہر علی، سابق آئی سی سی امپائر علیم ڈار، تجزیہ کار حسن چیمہ پر مشتمل پی سی بی کی نئی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے بابراعظم کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کی رائے دی، تاہم ان ملاقاتوں میں ٹیسٹ کپتان شان مسعود اور کوچ جیسن کلیپسی شامل نہیں تھے۔
تاہم انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں بدترین شکست کے بعد ایک سوال کے جواب میں قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے بابراعظم کی حمایت کرتے ہوئے انہیں بہترین بلے باز قرار دیا تھا۔کپتان سمیت قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن کلیپسی نے بھی بابراعظم کی حمایت کرتے ہوئے انہیں مزید وقت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
نو منتخب سلیکشن کمیٹی نے صرف بابراعظم کو ڈراپ کرنے کی سفارش نہیں کی بلکہ ممکنہ طور پر شاہین شاہ آفریدی کو بھی دوسرے ٹیسٹ سے ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔
چونکہ ابرار احمد ملتان ٹیسٹ میں بیمار ہوگئے تھے لہذا ان کے متبادل کے طور پر نعمان علی اور ساجد خان کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے دسمبر 2022 کے بعد سے اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے ہیں، یہاں تک کہ وہ کسی اننگز میں نصف سنچری بھی اسکور نہیں کرسکے۔
آؤٹ آف فارم بابراعظم نے انگلینڈ کے خلاف ایک فلیٹ وکٹ پر جہاں انگلش بلے بازوں نے آسانی سے ڈبل اور ٹرپل سنچریاں اسکور کی، وہ دونوں اننگز میں صرف 35 رنز بناسکے اور یوں وہ گزشتہ 18 اننگز میں نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے ہیں۔
خیال رہے کہ بابراعظم نے 2019 سے اب تک فرسٹ کلاس کرکٹ مقابلوں میں حصہ نہیں لیا اور ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ بابراعظم 20 اکتوبر سے شروع ہونے والی قائداعظم ٹرافی کے لیے دستیاب ہوں گے یا نہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلیند کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 15 اکتوبر سے ملتان میں شروع ہورہا ہے، انگلینڈ نے پہلا ٹیسٹ اننگز اور 47 رنز سے جیت کر پاکستان کو مسلسل چھٹے ٹیسٹ میں شکست سے دوچار کر دیا۔