بلوچستان میں میڈیا صنعت کافروغ،امن کا قیام ترجیح ہے

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کاکہنا ہے کہ بلوچستان میں میڈیا صنعت کو فروغ دینا اور امن کا گہوارہ بنانا نگران حکومت کی ترجیح ہے ۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا پی ٹی وی کے پہلے ہزارگی زبان کے پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہزارگی میں نشریات شروع کرنے پر دلی خوشی محسوس کررہا ہوں۔اس خطے میں پشتو،بلوچی،ہزارگی،فارسی کی زبانیں موجود ہیں۔ہزارہ برادری کے ساتھ آج کمٹمنٹ نبھائی۔بلوچستان کا اصل خزانہ اس کے لوگ اورتہذیب ہے۔بلوچستان کی اصل پہچان اس کا سلیقہ ہے ۔
انوار الحق کاکڑکاکہنا تھا کہ ہزارہ برادری اورہمارے حقوق میں کوئی تفریق نہیں۔ ہماری قربتیں پرانی ہیں۔بلوچستان اور کوئٹہ میں ہزارہ برادری کی ایک پہچان ہے ۔بلوچستان کی ایک اور زبان کو قومی سطح پر اجاگرکیاجارہاہے۔ بلوچستان کی مختلف ثقافتیں اسے مضبوط بناتی ہیں۔بلوچستان میں میڈیا صنعت کو فروغ دینا ترجیح ہے۔بلوچستان اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانا اصل ہدف ہے۔بلوچستان کے فنکاروں اورہنرمندوں کیلئے بہت جلد اقدامات کریں گے۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ 2008میں یہاں سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑاتھا۔وہ الیکشن تو ہار گیاتھا لیکن آج ہزارہ برادری سے عزم نبھایا ہے۔بلوچستان کی جتنی پرانی تہذیب اتنی ہی پرانی اس کی
زبانیں بولنے والے ہیں۔ہماری حکومت میڈیا کی افادیت سے بخوبی آگاہ ہے۔