بنگلہ دیشی فضائیہ کاطیارہ کالج پرگرکرتباہ،19افراد جاں بحق

ڈھاکا میں ایئر فورس کا تربیتی طیارہ ایک سکول اور کالج کی عمارت پر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 19 افراد جان سے گئے جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف برن اینڈ پلاسٹک سرجری کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ جھلسنے والے بچوں سمیت متعدد افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جن کی تعداد 50 سے زائد ہے۔

حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ ڈھاکا کے شمالی علاقے اُتّرا میں واقع ‘مائل اسٹون اسکول اینڈ کالج’ کے احاطے میں پیش آیا۔

بنگلہ دیش ایئر فورس کا ایف-7 بی جی آئی ماڈل کا تربیتی طیارہ اُتّرا میں گر کر تباہ ہوا۔ طیارے نے دوپہر 1 بج کر 6 منٹ پر (گرین وچ معیاری وقت کے مطابق 0706) پرواز کی تھی۔

حادثے کے فوراً بعد بنائی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زمین پر ایک وسیع آگ بھڑک رہی ہے اور دھوئیں کے گھنے بادل فضا میں بلند ہو رہے ہیں، جبکہ لوگ خوفزدہ ہو کر دور کھڑے منظر کو دیکھ رہے ہیں۔

رائٹرز ٹی وی کی فوٹیج میں فائر فائٹرز کو طیارے کے ملبے پر پانی پھینکتے ہوئے دکھایا گیا، طیارہ عمارت سے ٹکرا گیا تھا جس سے اس کی دیوار میں ایک بڑا شگاف پڑ گیا اور لوہے کی گرل کو نقصان پہنچا۔

ڈھاکا میڈیکل کالج اسپتال کے برن یونٹ کے سربراہ ڈاکٹر بدھن سرکر نے بتایا کہ ایک تیسری جماعت کا طالب علم مردہ حالت میں لایا گیا، جبکہ 12، 14 اور 40 سال کی عمر کے دیگر زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

موقع پر بنائی گئی ویڈیوز میں لوگوں کو چیختے، روتے اور ایک دوسرے کو تسلی دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اسکول کے ایک استاد، مسعود طارق نے بتایا کہ "جب میں اپنے بچوں کو لینے اسکول پہنچا تو اچانک پیچھے سے ایک زوردار دھماکہ ہوا، مڑ کر دیکھا تو آگ اور دھواں ہر طرف پھیلا ہوا تھا۔”

بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے اس سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔

Back to top button