پاکستان کیخلاف ٹی20سیریز،بنگلہ دیش نے ٹیم کااعلان کردیا

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف آئندہ تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹیم میں کسی قسم کی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ سیریز 20 جولائی سے ڈھاکہ میں شروع ہوگی۔
بی سی بی نے حالیہ سری لنکا کے خلاف کامیاب سیریز میں شامل اسکواڈ کو ہی برقرار رکھا ہے۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے کولمبو میں کھیلی گئی اس سیریز میں 2-1 سے فتح حاصل کی تھی اور 16 جولائی کو ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
کرکٹ آپریشنز کے چیئرمین نجم الحسن فہیم نے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے ٹیم میں تسلسل برقرار رکھنا بے حد ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کھلاڑی کو ہٹانا ناگزیر ہوا تو الگ بات ہے، لیکن جب تک ورلڈ کپ قریب ہے، ہم غیر ضروری تجربات سے گریز کرتے ہوئے ایک مستحکم اسکواڈ کے ساتھ میدان میں اتریں گے تاکہ کھلاڑیوں کا اعتماد اور ٹیم میں ہم آہنگی برقرار رہے۔
جاری کردہ اسکواڈ کے مطابق لٹن داس ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں تنزید حسن تمیم، پرویز حسین ایمون، محمد نعیم شیخ، توحید ہردوئے، جاکر علی انیک، شمیم حسین پٹواری، مہدی حسن مرزا، رشاد حسین، شاک مہدی حسن، ناسم احمد، تسکین احمد، مستفیض الرحمان، شرف الاسلام، تنزیم حسن ثاقب اور محمد سعید الدین شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آخری دوطرفہ ٹی 20 سیریز مئی 2025 میں پاکستان میں کھیلی گئی تھی، جس میں میزبان ٹیم نے 0-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔
