پاکستان کوپھرشکست،بنگلہ دیش نے ٹی20سیریزنام کرلی

میرپور میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 8 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
بنگلہ دیش کے 134 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 125 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 51 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر سب سے زیادہ اسکور کیا۔ دیگر بلے بازوں میں عباس آفریدی نے 19، احمد دانیال نے 17، خوشدل شاہ نے 13، جبکہ کپتان آغا سلمان صرف 9 رنز بنا سکے۔
فخر زمان 8، صائم ایوب 1، اور محمد حارث، محمد نواز اور حسن نواز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شریف الاسلام نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تنظیم حسن ثاقب اور مہدی حسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مستفیض الرحمان اور رشاد حسین کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل پاکستان نے بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس پر میزبان ٹیم 20 اوورز میں 133 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے جاکر علی 55 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر نمایاں رہے، جبکہ مہدی حسن نے 33، پرویز حسین ایمان 13 اور باقی کھلاڑی معمولی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ توحید ہردوئے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
پاکستان کی بولنگ لائن نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ڈیبیو کرنے والے احمد دانیال، سلمان مرزا اور عباس آفریدی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ فہیم اشرف اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
