انڈیا کو ہراکر پاکستان نے خطے میں طاقت کا توازن بدل ڈالا،ملک احمدخان

سپیکرپنجاب اسمبلی ملک احمد خان کاکہناہے کہ انڈیا کوہرا کرپاکستان نے خطے میں طاقت کا توازن بدل ڈالا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے وارث میر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔جنگیں ہمیشہ حوصلے اور جذبے کے ساتھ لڑی جاتی ہیں۔بھارت کی پاکستان پر الزام تراشی سراسر بے بنیاد ہے۔دونوں ممالک کے درمیان تنازعات کا حل صرف بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ بھارت نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، تاہم پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کی ہر کارروائی کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ حوصلے اور جذبے سے لڑی جاتی ہیں، اور پاکستان کی قوم اور افواج نے اس کا عملی مظاہرہ کر کے دنیا کو دکھا دیا۔
ملک احمد خان نے زور دیا کہ خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے بھارت کو الزام تراشی کے بجائے مذاکرات کا راستہ اپنانا ہوگا، کیونکہ یہی دونوں ممالک کے عوام کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔
