جمشیددستی کی نااہلی کےبعدخالی سیٹ پرضمنی الیکشن کااعلان

الیکشن کمیشن نے سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی نااہلی کے بعد قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 175 مظفر گڑھ میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخاب 10 ستمبر 2025 کو ہوگا، جب کہ امیدوار 23 سے 25 جولائی تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں۔
شیڈول کے تحت 26 جولائی کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی، جبکہ کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال یکم اگست تک مکمل کی جائے گی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کاغذاتِ نامزدگی کی منظوری یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 5 اگست تک دائر کی جا سکیں گی، جن پر ایپلٹ ٹریبونل 12 اگست تک فیصلے سنائے گا۔
اس کے بعد 13 اگست کو نظرثانی شدہ امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی، اور 15 اگست تک امیدوار کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کے مجاز ہوں گے۔ انتخابی نشانات 16 اگست کو الاٹ کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے محمد اویس ارشاد کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) اور خضر ظہیر کو ریٹرننگ آفیسر (آر او) مقرر کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے جمشید دستی کو جعلی تعلیمی اسناد رکھنے پر نااہل قرار دیا تھا۔ کمیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنس کو منظور کرتے ہوئے ان کی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔
یاد رہے کہ مئی 2025 میں جمشید دستی کے خلاف اثاثوں اور تعلیمی کوائف سے متعلق درخواستوں پر سماعت مکمل ہونے کے بعد تین رکنی بینچ نے فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے بعد ازاں سنایا گیا۔
