گاڑی بہہ جانے کا واقعہ : لاپتہ باپ بیٹی کی تلاش جاری، متاثرہ گاڑی کے مزید حصے برآمد

اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والی گاڑی کا بونٹ اور دروازہ برآمد کر لیا گیا، جب کہ لاپتہ باپ اور بیٹی کی تلاش تیسرے روز بھی جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق، اسلام آباد میں حالیہ شدید بارش کے دوران پاک فوج کے ریٹائرڈ کرنل قاضی اپنی بیٹی کے ہمراہ گھر سے نکلے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی خراب ہوگئی۔ اسی دوران آنے والے تیز پانی کے ریلے میں دونوں باپ بیٹی گاڑی سمیت بہہ گئے۔
ہاؤسنگ سوسائٹی کے برساتی نالے میں سرچ آپریشن گزشتہ روز مکمل کرلیا گیا تھا، جس کے بعد اب دریائے سواں کے داخلی اور خارجی راستوں پر تلاش جاری ہے۔
گزشتہ روز ریسکیو ٹیموں کو گاڑی کا بمپر اور سائیڈ مرر ملےتھے تاہم مرکزی ڈھانچے کا پتہ نہیں چل سکا تھا۔اب دریائے سواں پل کے نیچے سے گاڑی کا بونٹ اور ایک دروازہ برآمد کر لیا گیا ہے۔
9 مئی مقدمات: شاہ محمود قریشی کسی غیرقانونی احتجاج میں شامل نہیں، تفصیلی فیصلہ جاری
ریسکیو حکام پر امید ہیں کہ بارش تھمنے اور پانی کی سطح کم ہونے کےبعد آج سرچ آپریشن مکمل کرلیا جائے گا۔ تاہم باپ اور بیٹی کی تلاش بدستور جاری ہے۔
