چیمپئنزٹرافی،افغانستان باہر،4ٹیموں نے سیمی فائنل کیلئےکوالیفائی کرلیا

چیمپئنزٹرافی کی دوڑ سے افغانستان کی ٹیم باہر ہو گئی۔ نیوزی لینڈ، بھارت، آسٹریلیا،جنوبی افریقہ کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جنوبی افریقہ کے سیمی فائنل کیلئےکوالیفائی کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔
گزشتہ روز گروپ ’بی‘ کے فیصلہ کُن میچ میں افغانستان نے صدیق اللہ اتل اور عظمت اللہ عمرزئی کی نصف سینچریوں کی مدد سے 273 رنز بنائے تھے، ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے 13ویں اوور میں ایک وکٹ کھو کر 109 رنز بنا لیے، تاہم لاہور میں تیز بارش کے باعث میچ کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔
میچ بے نتیجہ رہنے کے نتیجے میں آسٹریلیا اور افغانستان دونوں کو ایک، ایک پوائنٹ مل گیا تھا، اس طرح کینگروز نے 4 پوائنٹس کےساتھ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی تھی۔
تاہم ای ایس پی این کرک انفو ویب سائٹ نے رپورٹ کیا تھا کہ آج شیڈول میچ میں جنوبی افریقہ، انگلینڈ کو شکست دیتا ہے، تو وہ 5 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست اور سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا، تاہم انگلینڈ کے جیتنے کی صورت میں جنوبی افریقہ اور افغانستان کے تین، تین پوائنٹس ہوں گے۔
سیمی فائنل میں پہنچنے کا فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا، افغانستان کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.99 ہے، اور اسے کوالیفائی کرنے کے لیے ضروری ہوگا کہ جنوبی افریقہ کو کم از کم 301 رنز کے تعاقب میں 207 رنز سے ہارنا ہو گا۔
تاہم آج گروپ ’بی‘ کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف انگلینڈ رواں ایونٹ میں سب سے کم 179 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی، اس طرح اگر پروٹیز کو میچ میں شکست بھی ہوگئی تب بھی ان کا رن ریٹ افغانستان سے زیادہ ہوگا، اس طرح جنوبی افریقہ سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔

Back to top button