چیمپئنز ٹرافی: بھارتی ٹیم کا پاکستان آنے سے انکار ، آئی سی سی کو بڑا نقصان؟
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کےلیےہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے موقف پر سختی سے قائم ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کےلیے بھارت کے پاکستان آنے سے انکار اور اس کے بعد بھارت کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل کی باتوں کےباوجود پاکستانی حکام ہائبرڈ ماڈل کو قبول نہ کرنےکے موقف پر سختی سے قائم ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اس حوالےسے پاکستان نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا مؤقف پہنچا دیا ہے، پاکستان کےسخت مؤقف نےانٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی پریشانیوں میں بھی اضافہ کردیا ہے۔
ذرائع کےمطابق مالی معاملات میں نقصان کے اندیشے کی وجہ سے آئی سی سی بحرانی صورتحال سے دوچار ہے اورحالیہ ڈیڈ لاک کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان نہیں کیاجاسکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی سی سی نے 100 ڈیز ٹو گو کے موقع پر چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرنے کا پروگرام بنایا ہے، آئی سی سی کو ایونٹ سے 90 روز پہلے ہر صورت میں شیڈول کا اعلان کرنا ہے، 20 نومبر تک اعلان نہ کرنے کی صورت میں آئی سی سی کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرناپڑ سکتاہے۔
ذرائع کے مطابق کمرشل پارٹنرز کو ایونٹ سےقبل کم از کم اتنا وقت درکار ہوتا ہے اور انہیں شیڈول کےمطابق اپنی مارکیٹنگ کرنا ہوتی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی سی سی کے لیےپاکستان اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنا ممکن نہیں اور ایسا کیا گیا تو آئی سی سی کو شدید مالی نقصان ہو گا جب کہ پاکستان سےاگر ایونٹ شفٹ کیا گیا تو پاکستان قانونی چارہ جوئی کا حق استعمال کرے گا۔
واضح رہے کہ بھارت نےپاکستان میں ہونےوالی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم بھیجنے سےانکار کردیا ہے۔