چیف جسٹس کا پی ٹی آئی کو نظام کا حصہ بنے رہنے کا مشورہ، اندرونی کہانی آگئی

پی ٹی آئی کے ذرائع نے انکشاف کیا ہےکہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے پی ٹی آئی کو نظام کا حصہ بنے رہنے اور بائیکاٹ سے گریز کرنےکا مشورہ دیا ہے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کرنے والے وفد میں شامل ایک ذریعے کا کہناہے کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی والوں کو سپریم جوڈیشل کمیشن کے آخری اجلاس کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہیے تھا،یہ اجلاس سپریم کورٹ میں عدالتی تقرریوں پر غور کیلئے طلب کیاگیا تھا۔
ذرائع کے مطابق وفد کو بتایا گیاکہ اگر پی ٹی آئی کے ارکان اجلاس میں شریک ہوتے تو کچھ تقرریاں مختلف ہوسکتی تھیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے تصدیق کی ہےکہ چیف جسٹس نے واقعی پی ٹی آئی کو نظام میں رہنے اور ججوں کی تقرری کے عمل کے بائیکاٹ سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔
چیف جسٹس کو اپوزیشن نے سیاسی قیدیوں کے مسائل سے آگاہ کیا، سپریم کورٹ اعلامیہ
ملاقات میں شامل پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما نے نام ظاہر نہ کرنےکی شرط پر بتایا کہ چیف جسٹس کا کہنا تھاکہ اگر پی ٹی آئی اجلاس میں شریک ہوتی تو سپریم کورٹ کی بعض تقرریوں پر فرق پڑتا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ چیف جسٹس کا پی ٹی آئی کو سسٹم کےاندر رہنے کا مشورہ پارٹی کی جانب سے سپریم جوڈیشل کمیشن کے آخری اجلاس کے بائیکاٹ کےحوالے سے تھا۔
