چیف جسٹس کی پنشن23لاکھ90ہزارتک پہنچ گئی

 چیف جسٹس کی پنشن 2010 میں 5 لاکھ 60 ہزار اور 2024 میں 23 لاکھ 90 ہزار ہوگئی۔

وزارتِ قانون و انصاف نے چیف جسٹس پاکستان کی ریٹائرمنٹ کے بعد ملنے والی پنشن اور مراعات کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کر دیں۔

وقفۂ سوالات کے دوران جمع کرائے گئے تحریری جواب میں 2010 سے 2024 تک پنشن میں ہونے والے اضافے کی تفصیل بھی شامل ہے۔ وزارت قانون کے مطابق 2010 میں چیف جسٹس کی پنشن 5 لاکھ 60 ہزار روپے تھی، جو 2011 میں بڑھ کر 6 لاکھ 44 ہزار اور 2012 میں 7 لاکھ 73 ہزار روپے ہوگئی۔ 2013 میں یہ رقم 8 لاکھ 50 ہزار، 2014 میں 9 لاکھ 35 ہزار اور 2015 میں 10 لاکھ 5 ہزار روپے تک جا پہنچی۔

مزید بتایا گیا کہ 2016 میں پنشن 11 لاکھ 5 ہزار، 2017 میں 12 لاکھ 17 ہزار، 2018 میں 13 لاکھ 38 ہزار اور 2021 میں 14 لاکھ 52 ہزار روپے مقرر ہوئی۔ 2023 میں یہ بڑھ کر 16 لاکھ 57 ہزار اور 2024 میں 23 لاکھ 90 ہزار روپے ہوگئی۔

وزارت قانون نے جج کی بیوہ کو ملنے والی مراعات کی تفصیلات بھی پیش کیں، جن کے مطابق بیوہ کو ڈرائیور اور اردلی فراہم کیا جاتا ہے، 2 ہزار یونٹ بجلی، مفت پانی، ماہانہ 300 لیٹر پٹرول کی سہولت دی جاتی ہے اور اس سے انکم ٹیکس وصول نہیں کیا جاتا۔

Back to top button