5ممالک پاکستان کے کروڑوں ڈالرز کے ڈیفالٹر نکلے

آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ پانچ ممالک حکومت پاکستان کے کروڑوں ڈالرز کے ڈیفالٹر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سری لنکا، بنگلا دیش، عراق، سوڈان اور گنی بساو کی حکومتوں پر مجموعی طور پر 30 کروڑ 45 لاکھ ڈالر واجب الادا ہیں، جو پاکستانی کرنسی میں 86 ارب روپے سے زائد بنتے ہیں۔ یہ رقم 1980 اور 1990 کی دہائی میں دیے گئے ایکسپورٹ کریڈٹ کے تحت دی گئی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق عراق پر سب سے زیادہ 23 کروڑ 13 لاکھ ڈالر واجب الادا ہیں، جبکہ سوڈان سے 4 کروڑ 66 لاکھ ڈالر وصول ہونے ہیں۔ بنگلا دیش پر شوگر پلانٹ اور سیمنٹ کی مد میں 2 کروڑ 14 لاکھ ڈالر اور گنی بساو پر 36 لاکھ 53 ہزار ڈالر باقی ہیں۔
آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2006-07 میں بھی اس ریکوری کی نشاندہی کی گئی تھی اور مذکورہ ممالک کو متعدد یاددہانی خطوط اور ڈیمانڈ نوٹسز ارسال کیے جا چکے ہیں۔ آڈیٹر جنرل نے سفارش کی ہے کہ ریکوری کے لیے معاملہ مناسب سطح پر اٹھایا جائے۔
