بی ایل اےاور مجید بریگیڈ پراقوام متحدہ بھی پابندی لگائے،بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کاکہنا ہے کہ کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ نے بھارت کا ساتھ دیا، کوشش ہوگی کہ اقوام متحدہ سے بھی ان دہشت گرد تنظیموں پر پابندی لگوائیں۔
حیدرآباد میں خان بہادر حسن علی آفندی پارک کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امریکا کی جانب سے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد قرار دینا پاکستان کے مؤقف کی بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تنظیمیں مزدوروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی رہی ہیں اور حالیہ پاک-بھارت تنازع میں کھل کر مودی کا ساتھ دینے کا اعلان بھی کر چکی ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مودی حکومت دریائے سندھ کا پانی روکنے کے عزائم سے باز نہیں آ رہی، تاہم سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت کو پاکستان کو اس کے حصے کا پانی دینا ہوگا۔ دریائے سندھ پاکستانی عوام کی لائف لائن ہے، اس معاملے پر تمام پاکستانی یک زبان ہو کر آواز بلند کریں کیونکہ یہ کروڑوں شہریوں کی زندگی کا سوال ہے۔
بلاول بھٹو نے زور دیا کہ عالمی سطح پر پانی کی کمی کے پیش نظر زراعت میں جدید ٹیکنالوجی اپنانا ناگزیر ہے۔ ڈرِپ ایریگیشن سمیت دیگر جدید طریقے اپنا کر پانی کے ضیاع کو روکا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبوں کو ان کا حق دینا ہوگا اور این ایف سی ایوارڈ کے لیے فوری اجلاس بلایا جانا چاہیے۔ آئین کے تحت ہر پانچ سال بعد ایوارڈ دینا لازمی ہے، ایف بی آر کی ٹیکس وصولی میں ناکامی کی سزا صوبوں کو نہ دی جائے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے واضح کیا کہ حکومت یا کسی سیاسی جماعت نے 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا، اس معاملے پر محض میڈیا کی خبروں سے آگاہ ہیں۔
