بی ایل اے،کالعدم مجید بریگیڈپرعالمی پابندی خوش آئند ہے،محسن نقوی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کاکہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاک۔امریکہ تعاون خوش آئند ہے اور اس اقدام سے کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ کے خلاف بین الاقوامی کارروائی کی راہ ہموار ہو گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دینے کے امریکی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ موقف وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ یہ اقدام پاکستان کی سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی اور ہمارے ازلی دشمن کے لیے ایک اور شکست ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی فیصلے سے خطے میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا۔
واضح رہے کہ امریکا نے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی اور اس کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ کو باضابطہ طور پر عالمی دہشت گرد تنظیمیں قرار دے دیاہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بی ایل اے اور اس کے عرفی نام مجید بریگیڈ کو ’فارن ٹیررسٹ آرگنائزیشن‘ (ایف ٹی او) کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے، جبکہ مجید بریگیڈ کو بی ایل اے کا ’الیاس‘ تسلیم کرتے ہوئے اسے 2019 میں دی گئی ’اسپیشلی ڈیزگنیٹڈ گلوبل ٹیررسٹ‘ (ایس ڈی جی ٹی) فہرست میں بھی برقرار رکھا گیا ہے۔
بی ایل اے کو 2019 میں متعدد دہشت گرد حملوں کے بعد ایس ڈی جی ٹی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ اس کے بعد بھی تنظیم نے کئی حملوں کی ذمہ داری قبول کی، جن میں مجید بریگیڈ کی جانب سے کیے گئے خودکش حملے شامل ہیں۔
