حکومت کا گیس ٹیرف کےیکساں نرخ نافذ کرنے کا فیصلہ

حکومت نے گیس ٹیرف کے 12 سلیب ختم کر کے یکساں نرخ نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

پروٹیکٹڈ صارفین کو آمدنی پر مبنی سبسڈی پر منتقل کیا جائے گا اور پروٹیکٹڈ صارفین کا خیال ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے رکھا جائے گا۔

ستمبر تا اکتوبر 2026 میں آئی ایم ایف کے چوتھے جائزے کے دوران حکومت اور فنڈ کی جانب سے کراس سبسڈی کے خاتمے اور سنگل گیس ٹیرف کے نفاذ کے لیے ٹائم لائن پر تبادلہ خیال اور اسے حتمی شکل دیے جانے کی توقع ہے۔

دوسری جانب آئی ایم ایف نے گیس کی قیمتوں میں کمی کے حکومتی اختیار کو محدود کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ صارفین کے لیے ٹیرف میں کمی سے گیس کے شعبے میں گردشی قرضہ مزید بڑھ سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق حالیہ اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی (سی سی او ای) کو بتایا گیا کہ آئی ایم ایف نے ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی اور سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے جائزوں کے دوران گیس کے شعبے میں بڑھتے ہوئے ٹیرف ڈیفرینشل کا نوٹس لیا، جو گردشی قرضے میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔

آئی ایم ایف نے اوگرا آرڈیننس 2002 میں مزید ترامیم کا مطالبہ کیا ہے تاکہ حکومت کو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے طے کردہ قیمتوں کے مقابلے میں گیس کے نرخ کم کرنے سے روکا جا سکے۔

Back to top button