یوٹیلیٹی سٹورزکی بندش افسوسناک،لاکھوں افرادبیروزگارہوگئے،آصفہ بھٹو

خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے لاکھوں افراد بیروزگار اور ان کے خاندان متاثر ہو چکے ہیں۔
اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے آصفہ بھٹو نے کہا کہ افسوس ہے کہ لاکھوں لوگوں کو روزگار سے محروم کیا جا رہا ہے، یہ ناانصافی ہے اور حکومت کو اس کا جواب دینا ہوگا۔
انہوں نے وفاقی حکومت سے اپیل کی کہ اس معاملے پر فوری توجہ دے کیونکہ یہ عوام کے معاشی مستقبل سے جڑا ہوا سنگین مسئلہ ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر یکم اگست سے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کا ملک بھر میں آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ تمام اسٹورز سے اشیائے خورونوش اور دیگر سامان ویئر ہاؤسز منتقل کر دیا گیا جبکہ ای آر پی سسٹم بھی یکم اگست سے بند کر دیا گیا۔
