سیف سٹی کراچی کی تکمیل سے جرائم میں کمی آئے گی،وفاقی وزیر د اخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کاکہناہے کہ سیف سٹی کراچی کی تکمیل سے جرائم میں کمی آئے گی۔ شہر کے مسائل حل کریں گے۔
کراچی چیمبر آف کامرس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی بہتر بنانے پر بھرپور کام کیا ہے، اور کچھ محنت کے نتیجے میں درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔ ان شاءاللہ آئندہ دو سال میں پاسپورٹ کی رینکنگ مزید بہتر ہو جائے گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیف سٹی منصوبہ کراچی کے لیے ایک بنیادی ضرورت ہے۔ اس کے مکمل ہونے سے شہر میں جرائم کی شرح میں بڑی حد تک کمی آئے گی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت کراچی کے مسائل کے حل میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب یہاں سے بڑے پیمانے پر ڈالر اسمگل ہوتے تھے اور سرحدوں پر کوئی کنٹرول نہ تھا، لیکن اب ہم نے اسمگلنگ پر کافی حد تک قابو پایا ہے۔ اگرچہ یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ اسمگلنگ مکمل طور پر ختم ہو گئی ہے، تاہم اس میں واضح کمی آئی ہے۔ اسمگلنگ معیشت کو دیمک کی طرح چاٹتی ہے، اور اس کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی پولیس کی جرائم پر قابو پانے کی کوششیں قابل تعریف ہیں، انہیں اس کا کریڈٹ ضرور دینا چاہیے۔ کراچی ایک وسیع اور پیچیدہ شہر ہے، اور وقت کے ساتھ اس کے مسائل بھی بڑھتے گئے، لیکن اس کے باوجود سندھ پولیس نے جرائم کی روک تھام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ جب تک قوانین سخت نہیں ہوں گے، تجاوزات جیسے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ اس حوالے سے جرمانوں اور سزاؤں میں اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کے ساتھ مل کر مربوط حکمت عملی پر عمل کر رہی ہے اور جلد اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
قبل ازیں، وزیر داخلہ نے کراچی بندرگاہ پر پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں دو نئی جدید گشتی بوٹس کو بیڑے میں شامل کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی جی کوسٹ گارڈز میجر جنرل جواد ریاض نے ان کا استقبال کیا اور نئی بوٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
محسن نقوی نے جدید گشتی کشتیوں کی شمولیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ساحلی نگرانی کو مؤثر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے موقع پر نئی بوٹ کا معائنہ کیا اور اس پر سفر بھی کیا۔
