پی ٹی آئی احتجاج کیخلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کےاحتجاج کے خلاف تاجروں کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست کل سماعت کےلیےمقرر کر لی گئیں۔

پی ٹی آئی احتجاج کے خلاف بلیو ایریا ایف سیون کے تاجروں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا، درخواست میں سیکریٹری داخلہ و دیگرکو فریق بنایا گیا ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق کل تاجروں کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کریں گے،رجسٹرار آفس نے کیس کل مقرر کرنے کی کازلسٹ جاری کر دی۔

واضح رہے کہ21 نومبر کواسلام آباد ہائی کورٹ نے شہر کی انتظامیہ کو قانون کے خلاف دھرنا، ریلی یا احتجاج کی اجازت نہ دینے کا حکم دیتےہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ پُرامن اور آئین کے مطابق احتجاج کے لیےمذاکرات کی ہدایت کر دی تھی۔

عدالت نے قراردیا تھا کہ پی ٹی آئی احتجاج کےلیے ڈپٹی کمشنر اسلام آبادکو7 روز پہلے درخواست دے،اجازت ملنے پراحتجاج کیاجاسکتا ہے، وزیرداخلہ یہ پیغام پی ٹی آئی قیادت تک پہنچائیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کےچیف جسٹس عامر فاروق نے5صفحات پر تحریری حکم نامے میں قرار دیا تھا کہ امن و امان قائم رکھنے کےلیےاسلام آبادانتظامیہ قانون کے مطابق تمام اقدامات اٹھائے، انتظامیہ کی ذمہ داری ہےقانون کی خلاف ورزی نہ ہونے دی جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز صبح خیبرپختونخوا سے آنے والا پی ٹی آئی کا قافلہ اسلام آباد میں ڈی چوک پہنچ گیا تھا، جہاں پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شدید شیلنگ کی گئی تھی جبکہ کارکنان کی طرف سے پتھراؤ کیا گیا تھا۔

تاہم گزشتہ رات گئے رینجرز اور پولیس نے اسلام آباد کے ڈی چوک سے جناح ایونیو تک کے علاقے کو پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے کارکنوں سے مکمل طور پر خالی کرالیا تھا اور متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا جبکہ تحریک انصاف کا مرکزی کنٹینر آتشزدگی کے بعد جل کر خاکستر ہوگیا تھا۔

اسلام آباد میں دھرنے سے غائب ہونے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور آج مانسہرہ میں عوام کے سامنے آ کر کہا تھا کہ دھرنا جاری رہے گا۔

مانسہرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پچھلے ڈھائی سال سے ہماری جماعت کے ساتھ فسطائیت اورجبر کا مظاہرہ کیا جارہا ہے، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے، ہمارا لیڈر اس وقت جیل میں ہے، ان کی اہلیہ کو بھی جیل میں بند رکھا گیا، ایسی ظالمانہ روایت ڈالی گئی کہ جس کی مثال پاکستان تو کیا دنیا کی سیاسی تاریخ میں بھی نہیں ملتی۔

Back to top button