سی ٹی ڈی کی سوات میں بڑی کارروائی ، فتنہ الخوارج کے 3 مطلوب دہشت گرد ہلاک

محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) سوات کو ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں بریکوٹ کے علاقے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اجمل عرف وقاص شامل ہے، جس کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر تھی۔ وہ ولیج ڈیفنس کونسل کے ارکان کے قتل سمیت کئی سنگین جرائم میں ملوث تھا۔

سی ٹی ڈی نے اپنے بیان میں کہا کہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور پولیس اہلکاروں کی شہادتوں میں ملوث تھے، اور یہ دہشت گرد بیرونی فنڈنگ سے چلنے والے نیٹ ورک کے ذریعے دہشت گردی پھیلا رہے تھے۔ ان کے خلاف آئی ای ڈی حملے، بھتہ خوری اور دیگر مقدمات بھی درج تھے۔

عدالتی امور دو شفٹوں میں نمٹانے کی تجویز زیر غور، چیف جسٹس پاکستان

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی فتنہ الخوارج کے آپریشنل ونگ پر کاری ضرب ہے، اور دہشت گردی کے اس فتنے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم دہرا یا گیا ہے۔

دریں اثنا، انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ریجنل پولیس افسر مالاکنڈ ڈویژن شیر اکبر خان نے سوات پولیس اور سی ٹی ڈی کی کامیاب کارروائی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں پائیدار امن کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے گی۔

Back to top button