دبنگ ہیرو سلمان خان کی ’سکندر‘ کاٹریلرجاری

بولی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان کی آنے والی میگا ایکشن فلم ’سکندر‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس نے ریلیز ہوتے ہی نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
’سکندر‘ کا ٹیزر 2024 میں جاری کرتے ہوئے اسے عید الفطر کے موقع پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔اب فلم کا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں سلمان خان کو روایتی ایکشن میں دکھایا گیا ہے۔
تقریبا ساڑھے تین منٹ دورانیے کے ٹریلر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ سلمان خان نہ صرف سماجی رہنما بلکہ بدمعاشوں کے باپ کے طور پر بھی دکھائی دیں گے۔
ٹریلر میں سلمان خان کو نہ صرف بدمعاش سیاست دانوں بلکہ پولیس یونیفارم میں ملبوس کالی بھیڑوں سے بھی الجھتے دکھایا گیا ہے۔
ٹریلر میں سلمان خان کو خود سے نصف عمر اداکارہ رشمیکا مندانا سے رومانس کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
ٹریلر میں بتایا گیا کہ ’سکندر‘ کو بھارت سمیت دیگر ممالک میں 30 مارچ کو ریلیز کردیا جائے گا، یعنی فلم متعدد ممالک میں عید الفطر سے ایک دن قبل ریلیز ہوگی۔فلم کے ٹریلر کو 23 مارچ کو ریلیز کیا گیا، جسے چند ہی گھنٹوں میں لاکھوں بار دیکھا گیا جب کہ محض 24 گھنٹوں میں اسے ساڑھے 4 کروڑ بار تک دیکھا گیا جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔