ڈنمارک کی وزیراعظم کا ٹرمپ سے گرین لینڈ پر قبضے کی دھمکیاں بندکرنےکا مطالبہ

ڈنمارک کی وزیراعظم میٹ فریڈیرکسن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گرین لینڈ پر قبضے سے متعلق بیانات اور دھمکیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا کو نہ تو گرین لینڈ اور نہ ہی ڈنمارک کی کسی ریاست کو ضم کرنے کا کوئی حق حاصل ہے۔
میٹ فریڈیرکسن نے واضح کیا کہ قریبی اتحادی کے خلاف اس نوعیت کی دھمکیاں ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرین لینڈ اور وہاں کے عوام فروخت کے لیے نہیں ہیں اور ان کے مستقبل کا فیصلہ وہ خود کریں گے۔
واضح رہے کہ ڈنمارک کی وزیراعظم کا یہ بیان وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی اور صدر ٹرمپ کی جانب سے اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا کے معاملات خود چلانے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا کو گرین لینڈ کی ضرورت ہے، تاہم ان کے مطابق یہ ضرورت معدنیات کے لیے نہیں بلکہ دفاعی مقاصد کے تحت ہے۔
