جنوبی ایشیائی سیاست میں طوفان برپا کرنے والی4خواتین کون؟

 

 

 

بھارت، پاکستان اور بنگلہ دیش کی سیاست میں چار خواتین ایسی ابھری ہیں جنہوں نے نہ صرف اقتدار کے ایوانوں تک رسائی حاصل کی بلکہ اپنی اپنی قوموں کی اجتماعی نفسیات پر گہرے نقوش بھی چھوڑے۔ اندرا گاندھی، بے نظیر بھٹو، خالدہ ضیاء اور حسینہ واجد، بظاہر یہ چار الگ زندگیاں ہیں، مگر درحقیقت یہ ایک ہی کہانی کے مختلف ابواب ہیں۔ سینئر صحافی سبوخ سید کے مطابق جنوبی ایشیا کی اس چار خواتین رہنماؤں کا سب سے پہلا اور نمایاں مشترک پہلو سیاست میں ان کا داخلہ ہے۔ کوئی بھی خالصتاً نچلی سطح کی سیاسی جدوجہد سے اوپر نہیں آئی۔ اندرا گاندھی جواہر لال نہرو کی بیٹی تھیں، بے نظیر بھٹو ذوالفقار علی بھٹو کی وارث، خالدہ ضیاء جنرل ضیاء الرحمن کی اہلیہ اور حسینہ واجد شیخ مجیب الرحمن کی بیٹی ہونے کی وجہ سے میدان سیاست میں آئیں۔

 

 

سبوخ سید کے مطابق جنوبی ایشیاء میں جمہوریت صرف اداروں کا نام نہیں رہی بلکہ اکثر ایک وراثتی داستان بن کر ہی سامنے آئی۔ اس خطے میں کسی عورت کا اقتدار تک پہنچنا اکثر اسی وقت ممکن ہوا جب اس کے پیچھے ایک مقتدر مرد کا سایہ موجود تھا۔ یہ حقیقت ان کی کمزوری نہیں بلکہ اس سماجی اور سیاسی ڈھانچے کی عکاس ہے جہاں عورت کیلئے قیادت کا دروازہ خاندانی شناخت کے بغیر شاذ و نادر ہی کھلتا ہے۔تاہم ان کا دوسرا مشترک پہلو یہ ہے کہ اقتدار انہیں وراثت میں ضرور ملا، مگر ان کیلئے اسے سنبھالنا اور برقرار رکھنا ایک کڑی آزمائش ثابت ہوا۔

 

یہ عورتیں محض علامتی سیاست دان یا وزیر اعظم نہیں رہیں بلکہ انہیں روزانہ اقتدار کی جنگ لڑنا پڑی۔ اندرا گاندھی کو داخلی بغاوتوں، معاشی دباؤ اور سیاسی عدم استحکام کا سامنا رہا۔ بے نظیر بھٹو نے اسٹیبلشمنٹ، عدالتی مداخلت اور مسلسل سیاسی عدم استحکام اور عدم اعتماد کی فضا میں حکومت کی۔ خالدہ ضیاء اور حسینہ واجد کی سیاست تو باقاعدہ ایک مستقل محاذ آرائی میں تبدیل ہو گئی جہاں ریاستی ادارے بھی دو حصوں میں بٹے دکھائی دیے۔

 

سینئر صحافی کے مطابق جنوبی ایشاء کی نامور اور طاقتور چاروں خواتین کی جدوجہد میں ذاتی صدمات کا عنصر بھی غیر معمولی طور پر مشترک ہے۔ اندرا گاندھی نے اپنے بیٹے سنجے گاندھی کو حادثے میں کھویا اور بالآخر خود قتل ہوئیں۔ بے نظیر بھٹو نے اپنے والد کو تختہ دار پر چڑھتے دیکھا، بھائیوں کی پراسرار اموات کا صدمہ سہا اور آخرکار خود بھی دہشت گردی کا نشانہ بنیں۔ حسینہ واجد نے اپنے والد، والدہ اور خاندان کے بیشتر افراد کو ایک ہی دن میں قتل ہوتے دیکھا۔ خالدہ ضیاء نے اپنے شوہر کو قتل ہوتے دیکھا اور بعد ازاں قید، بیماری اور سیاسی تنہائی جھیلی۔ ان چاروں خواتین میں ایک اور اہم مشترک پہلو یہ بھی ہے کہ ان سب پر آمرانہ طرزِ حکمرانی کے الزامات لگے۔ اندرا گاندھی کا ایمرجنسی کا دور آج بھی بھارتی جمہوریت کا سیاہ باب سمجھا جاتا ہے۔ بے نظیر بھٹو پر کرپشن اور گورننس کی کمزوری کے الزامات لگتے رہے۔ حسینہ واجد پر مخالفین کو کچلنے اور اداروں کو کمزور کرنے کے الزامات ہیں، جبکہ خالدہ ضیاء کو بھی اسی نوعیت کی تنقید کا سامنا رہا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان الزامات میں کچھ حقیقت ہو نہ ہو، مگر یہ بات طے ہے کہ جنوبی ایشیا کی سیاست میں عورت کے طاقتور ہونے کا ردعمل ہمیشہ زیادہ سخت اور بے رحم رہا ہے۔ یہ عورتیں مسلسل اس سوال کا سامنا کرتی رہیں کہ آیا وہ واقعی قائد ہیں یا محض کسی مرد سیاست دان کا تسلسل اور کٹھ پتلی ہیں۔

کیا پنجاب میں تحریک انصاف کی طاقت کا خاتمہ ہو چکا؟

خود کو منوانے کیلئے ان چاروں خواتین کو اپنے فیصلوں کو دوگنا ثابت کرنا پڑا، تاہم ان کی کمزوریوں کو عورت ہونے سے جوڑا گیاجبکہ ان کی مضبوطی کو غرور یا آمریت قرار دیا گیا۔ یوں ان کی سیاست صنفی تعصب کے مستقل امتحان سے گزرتی رہی۔ اندرا گاندھی ،بے نظیر بھٹو اور خالدہ ضیاء اپنے اپنے ملکوں میں پہلی خواتین وزرائے اعظم بنیں ۔ ان چاروں کی کہانی ہمیں یہ بھی بتاتی ہے کہ جنوبی ایشیا میں جمہوریت محض آئینی عمل نہیں بلکہ جذبات، کہانیوں اور المیوں سے جڑی ایک المناک داستان ہے۔ عوام نے ان عورتوں میں کبھی ماں، کبھی بیٹی اور کبھی لیڈر کی علامت دیکھی۔ یہ علامتی سیاست ان کی طاقت بھی بنی اور کمزوری بھی۔ طاقت اس لیے کہ عوامی ہمدردی انہیں بار بار اقتدار کے قریب لے آئی، اور کمزوری اس لیے کہ ادارہ جاتی اصلاحات پس منظر میں چلی گئیں۔سوال یہ نہیں کہ اندرا، بے نظیر، خالدہ اور حسینہ کامیاب تھیں یا ناکام، اصل سوال یہ ہے کہ کیا ان کے بعد جنوبی ایشیا کی سیاست عورت کیلئے زیادہ آسان ہوئی؟ یا مزید مشکل۔۔۔ مبصرین کے مطابق اس سوال کا جواب اب بھی واضح نہیں۔ یہ چار عورتیں راستہ ضرور دکھا گئیں، مگر یہ راستہ ابھی تک کانٹوں سے خالی نہیں ہوا۔ان تین ملکوں کی یہ چار عورتیں خطے کی سیاست میں طاقت، قربانی اور وراثت کی ایک ہی بے وزن کہانی کے کردار ہیں جہاں عورت کو اقتدار تو مل سکتا ہے، مگر سکون اور قبولیت اب بھی ایک خواب ہے۔

 

Back to top button