پنجاب اسمبلی :26اپوزیشن ارکان کیخلاف ریفرنس پرفیصلہ معطل

 پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 اراکین کی معطلی کے معاملے پر اہم پیش رفت ،سپیکر ملک احمد خان نے ریفرنس کی درخواستوں پر فیصلہ معطل کر دیا۔

اپوزیشن اراکین کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عوامی نمائندوں کی نااہلی دراصل عوام کو حقِ نمائندگی سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔ بجٹ اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی پر موصول ہونے والی چار درخواستوں میں نااہلی کے آئینی پہلوؤں پر سوالات اٹھائے گئے، جب کہ بعض درخواست دہندگان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے کیس کا حوالہ بھی دیا۔

درخواستوں میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ اسپیکر کا کردار صرف ڈاکیے کا نہیں کہ وہ نااہلی کی ہر درخواست کو بلا تحقیق الیکشن کمیشن کو بھیج دے، کیونکہ یہ عمل آئینی توازن اور پارلیمانی ڈھانچے کو کمزور کر سکتا ہے۔

یاد رہے کہ 28 جون کو وزیراعلیٰ مریم نواز کی تقریر کے دوران احتجاج پر اسپیکر نے 26 اپوزیشن اراکین کو معطل کر دیا تھا اور ان کی نااہلی کے لیے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوانے کا اعلان کیا تھا۔

بعد ازاں، 15 جولائی کو پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے معطل اراکین کو جرمانے جمع کرانے کی ہدایت جاری کی گئی تھی، جب کہ اسپیکر نے ایوان میں توڑ پھوڑ پر 10 ارکان پر جرمانے بھی عائد کیے تھے۔

Back to top button