پنجاب میں اینٹی ڈرون یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پہلی بار پنجاب میں اینٹی ڈرون یونٹ قائم کرنے کی منظوری دی اور فوری طور پر سائبر کرائم سیل کے قیام کے بھی احکامات جاری کیے۔
پنجاب ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جس نے صوبائی انٹیلی جنس فیوژن اور ٹیکنالوجی اسسمنٹ سینٹر قائم کیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے پیف ٹیک کا دورہ کیا۔ انہوں نے اس منصوبے اور صوبے میں امن و امان کے دیگر اقدامات پر بریفنگ حاصل کی۔
وزیراعلیٰ کی جانب سے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے صوبے میں مسلسل کومبنگ آپریشنز کی ہدایت بھی دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے داخلی اور خارجی راستوں پر جدید ترین اسپیشل ڈیجیٹل سکینرز نصب کرنے کے فوری اقدامات کا حکم دیا اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے لیے خصوصی ڈیش بورڈز قائم کرنے کی ہدایت دی تاکہ عوام کے تحفظ کو مزید یقینی بنایا جا سکے۔
دہشتگردوں اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لیے وسل بلوئر سسٹم کو مضبوط کرنے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں۔ پیف ٹیک میں سائبر سیکیورٹی اور دیگر امور کے لیے اے آئی حب قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ دہشتگردوں کی کارروائیوں پر صرف ردعمل ظاہر کرنے کے بجائے پیشگی اقدامات کیے جائیں گے اور پنجاب کو ملک کا محفوظ ترین صوبہ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
