وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو تبدیل کرنے کا فیصلہ

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات پارٹی کو جاری کر دئیے ہیں۔
پی ٹی آئی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ کے عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ صوبائی وزیر سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا لگائے جانے کا امکان ہے۔ سہیل آفریدی اس وقت خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ہائر ایجوکیشن ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے ذمہ داران نے تاحال ان دعووں کی تردید یا تصدیق نہیں کی ہے تاہم بشریٰ بی بی کے وکیل رائے سلیمان نے علی امین گنڈاپور کو ہٹائے جانے کی تصدیق کی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی تبدیلی کی خبریں سامنے آنے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی سہیل آفریدی نے ان خبروں کی تردید کر دی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرکے مطابق علی امین گنڈاپور کی تبدیلی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا، یہ تمام افواہیں پارٹی کو تقسیم کرنے کی سازش کا حصہ ہیں۔جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلا کر پارٹی کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم اس کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے مزید کہا کہ ایسی سازشوں کا مقصد پی ٹی آئی میں داخلی انتشار پیدا کرنا ہے، ہم ہر قسم کے حالات میں متحد رہیں گے، علی امین گنڈاپور ہی ہمارے وزیراعلیٰ ہیں، ان کے خلاف پھیلائی جانے والی افواہیں قطعی طور پر بے بنیاد ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو ہٹانے اور ان کی جگہ مجھے نیا وزیراعلیٰ نامزد کرنے کی خبریں مکمل طور پر جھوٹی اور من گھڑت ہیں، مجھ سے منسوب تمام خبریں حقائق کے منافی ہیں۔
صوبائی حکومت کی سطح پر وزیراعلیٰ کی تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، ہم علی امین گنڈاپور اور عمران خان کے اعتماد یافتہ اور وفادار ساتھی ہیں اور رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ انہیں ابھی وزارت اعلیٰ چھوڑنے کی کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی، وزارت اعلیٰ پارٹی اور عمران خان کی امانت ہے، جب کہیں گے چھوڑ دوں گا۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جب مجھے کہا جائے گا کہ وزارت اعلیٰ چھوڑ دو تو اس کی تعمیل کروں گا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں رہنماؤں کی ملاقات جاری ہے،ملاقات کے بعد پارٹی رہنما صورتحال واضح کر دیں گے۔
