انڈین ایئر لائنز کے لیے پاکستانی ایئر سپیس کی بندش میں تباہ کن توسیع

بھارتی ائیرلائینز کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کا اعلان تباہ کن قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس بندش نے مالی طور پر بھارتی ایئر لائنز کا کباڑا کر کے رکھ دیا ہے اور کچھ ایئر لائنز تو دیوالیہ ہونے کے خدشات سے دوچار ہو چکی ہیں۔ یاد رہے کہ حکومت پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش کا نیا نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا ہے جو مذید ایک ماہ تک نافذ العمل رہے گا۔
یاد رہے کہ مئی میں ہونے والی پاک بھارت مختصر جنگ سے پہلے انڈیا نے 20 اپریل کو پاکستانی ائیرلائینز کے لیے بھارتی فضائی حدود کو بند کر دیا تھا۔ جواب میں پاکستان نے بھی 23 اپریل کو بھارتی ایئر لائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود کو بند کر دیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے جنگ کے دوران بھارت کو ناکوں چنے چبوانے کے بعد سے پاکستان ہر ماہ اپنی ایئر سپیس استعمال کرنے کی پابندی میں توسیع کر دیتا ہے۔ اب ایک مرتبہ پھر پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے بھارتی ایئر لائنز پر عائد پابندی کو 23 اگست 2025 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں اور ایئرلائنز کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ نئے نوٹم کے مطابق یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ پابندی مخصوص فضائی راستوں اور پروازوں پر لاگو ہو گی جن کی تفصیلات متعلقہ ایئرلائنز کو فراہم کی جا چکی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے انڈین ائیر لائنز کا کباڑہ ہو چکا ہے۔ متعدد ائیر لائنز نے اپنے جہاز گراؤنڈ کرکے روٹس کو محدود کر دیا ہے جبکہ بہت سی ائیر لائنز نے دیوالیہ ہونے سے بچنے کیلئے اپنے فضائی آپریشن ہی معطل کر دئیے ہیں۔ ایوی ایشن ماہرین کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے بھارتی پروازوں کو لمبے متبادل راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں، جس سے وقت اور ایندھن دونوں کا ضیاع ہو رہا ہے اور انڈین ایئر لائنز کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔ ایوی ایشن ماہرین کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارت کو اب تک اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے، بنیادی وجہ یہ ہے کہ اب جہازوں کو لمبا روٹ اختیار کرنا پڑتا ہے چونکہ انہیں راستے تبدیل کرنے پڑ رہے ہیں، اس وجہ سے بہت زیادہ ایندھن خرچ ہو رہا ہے، خاص طور پر یورپ اور ایشیا کے درمیان سفر کرنے والی پروازوں کے لیے کافی مشکلات کھڑی ہو چکی ہیں۔
ایوی ایشن ماہرین کے مطابق حالانکہ پاکستان اور بھارت دونوں نے ایک دوسرے کیلئے اپنی ائیر سپیس بند کر رکھی ہیں لیکن بھارتی ایئر لائنز کو زیادہ نقصان اس لیے ہو رہا ہے کہ اس کے فضائی اپریشنز پاکستان کے مقابلے میں بہت وسیع ہیں۔
پنجاب میں حالیہ بارشوں کے دوران 119 افراد جاں بحق ہوئے : سیکریٹری ایمرجنسی سروسز
پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے پر بندش سے پہلے تقریباً روزانہ 70 سے 100 بھارتی جہاز پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتے تھے۔ دوسری جانب پاکستان کی فقط ایک پرواز کولمبو کے لیے بھارتی فضائی حدود سے گزر کر جاتی تھی، اس لئے فضائی حدود کی بندش سے پاکستان کو دھیلے کا فرق نہیں پڑا لیکن انڈین ائیر لائنز کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔
پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی بھارتی کمرشل اور فوجی، دونوں طرح کے جہازوں پر ہے۔ ماہرین کے مطابق اس پابندی کی وجہ سے کچھ انڈین ائیر لائنز دیوالیہ ہونے کے خدشات سے دو چار ہو چکی ہیں، لیکن اس کے باوجود بھارت اسلام آباد کو یہ کہنے کی پوزیشن میں نہیں کہ اس کے جہازوں کے لیے فضائی حدود کھول دی جائیں چونکہ یہ پابندی لگانے کا آغاز بھارت نے کیا تھا۔
